بصارت سے محروم ماریہ نے موسیقی مقابلہ جیت لیا

نوجوان گلوکاروں کے مابین ’وائس آف پوٹھوہار‘ موسیقی کا مقابلہ ماریہ کنول نے جیت لیا، نزاکت علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی

راولپنڈی:نوجوان گلوکاروں کے مابین ’وائس آف پوٹھوہار‘ موسیقی کا مقابلہ ماریہ کنول نے جیت لیا، نزاکت علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی فرح آغا نے فاتح اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گلوکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔ راولپنڈی آرٹس کونسل (آر اے سی)کے زیراہتمام ’وائس آف پوٹھوہار‘ کے فائنل مقابلے گزشتہ روز منعقد ہوئے جس میں نوجوان باصلاحیت گلوکاروں نے حصہ لیا، معروف موسیقار خالد صدیقی اور انجم شہباز ججزکے فرائض انجام دیئے۔
فائنل مقابلوں میں پہلی دونوں پوزیشنیں بصارف سے محروم گلوکاروں نے حاصل کیں، ماریہ کنول نے پہلی، نزاکت علی نے دوسری، نزاکت نے تیسری جبکہ چوتھی پوزیشن مشرکہ طور پرحفصبا اور ہارون نے حاصل کی۔
موسیقی مقابلے دو دن تک جاری رہے جس میں 200 سے زائدگلوکاروں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی فرح آغا نے کہا کہ نوجوان فنکار ہمارے ملک کا اثاثہ اور روشن مستقبل ہیں، آرٹس کونسل کا نوجوان گلوکاروں کو اپنے فن کے اظہارکا موقع دینا بہترین اقدام ہے، اس طرح کے پروگرام جاری رہنے چاہیں تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔
آخر میں رکن صوبائی اسمبلی نے پوزیشن حاصل کرنے والے گلوکاروں میں انعامات تقسیم کئے، ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والوں کا مبارکباددی۔

Comments
Loading...