انجمن فیض الاسلام کا یوم تاسیس تقریبات کا انعقاد

انجمن فیض الاسلام کی 77 سالہ خدمات کی تکمیل پر یوم تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں فیض آباد مرکز کے راجا غلام قادر ہال میں انجمن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے بنائے ہوئے فنی و سائنسی فن پاروں کی نمائش منعقد ہوئی

راولپنڈی: انجمن فیض الاسلام کی 77 سالہ خدمات کی تکمیل پر یوم تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں فیض آباد مرکز کے راجا غلام قادر ہال میں انجمن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے بنائے ہوئے فنی و سائنسی فن پاروں کی نمائش منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل ) کے سابق ڈپٹی چئیرمین ڈاکٹر ایم اشرف عطاء تھے ․ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، سنئیر نائب صدر ڈاکٹر ریاض احمد ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، نائب صدر میڈم اظہار فاطمہ ،فنانس سیکریٹری راجا صابر حسین ، ناظم تعلیمی کمیٹی پروفیسررفیق چوہان ،انجنئیر عبدالرزاق ، انجنئیر مظفر اقبال ، پروفیسر نیاز عرفان ،کے آر ایل کے سابق ڈپٹی چیف انجنئیرو ڈائریکٹر ایف ٹی ٹی آئی مندرہ کیمپس اعجاز احمد چوہدری ، ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل محمد اکمل ، ماڈل سیکنڈری سکول کے پرنسپل غلام جیلانی ، میڈم نسیم نازنین ، کیمپس منیجر محمد اسلم اور اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ․ مہمان خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ․ اس مقصد کے لئے طلبہ کو معیاری تعلیمی و فنی تعلیمی اداروں اور ماحول دے ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کیاجا سکتا ہے جیسا کہ انجمن فیض الاسلام کے ان ہونہار بچوں نے اپنے تخلیق کردہ فن پاروں سے ثابت کیا ہے ․انہوں نے انجمن کی قومی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمن فیض الاسلام قومی یک جہتی کے فروغ کا بے مثال مرکز ہے جہاں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں بشمول ڈیرہ بگتی کے محروم و مجبور بچے بھی اپنے دیگر ہم وطنوں کے ہمراہ ایک جیسی اور معیاری رہائشی و تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں فنی تعلیم کی بہت زیادہ ضرورت و اہمیت ہے جس پر حکومت کو اور زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ․ انہو ںنے کہا کہ انجمن اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے جو ہمارے لئے خوشی اور مسرت کا باعث ہے ․ صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور امانت و دیانت کا کوئی متبادل نہیں اور جو بچے محنت کرتے ہیں انہیں ان کی محنت کا پھل ضرور ملتا ہے ․ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 77 سال سے انجمن فیض الاسلام یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور پرورش کی ذمہ داریاں نہایت خوبی کے ساتھ نبھا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر نو میں اپنے حصے کا کردار بھی انجام دے رہا ہے ․ انہوں نے فن پارے بنانے میں حصہ لینے والے تمام بچو ں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ بچوں کا ٹیلنٹ ان کے فن پاروں سے عیاں ہے ․سنئیر نائب صدر ڈاکٹر ریاض احمد نے اپنے خطاب میں سائنسی و فنی نمائش کے انعقاد میں حصہ لینے والوں طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ اور محنت کے ساتھ علم حاصل کریں تاکہ عملی زندگی میں ان کی یہ محنت رنگ لائے اور وہ ایک اچھے شہری ، باعمل مسلمان اور محب وطن پاکستانی کے طور پر معاشرے کے مفید رکن بن سکیں ․ تقریب سے نائب صدر اظہار فاطمہ ، انجمن کی تعلیمی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر رفیق چوہان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ انجمن کے اقامتی ، تعلیمی اور تمام تربیتی اداروں میں بچوں کواسلام کے اعلی اوصاف حمیدہ سے بہرہ ور کرنے پر پوری توجہ دی جاتی ہے –

Comments
Loading...