پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب

وقت کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کے استحکام و ترقی کو ہر شے پر مقدم رکھنے کا عزم کریں:عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے پریڈ گراﺅنڈ میں شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرکے قومی جذبوں کی بہترین ترجمانی کی ہے ۔ پریڈمیں برادر اسلامی ملک ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد سمیت دیگر دوست ممالک کی بھر پور شرکت سے اسلامی امہ کی یکجہتی اور بھائی چارے کا تشخص اجاگر ہوا ہے۔
باغی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ جنہوںنے ہر مشکل وقت میں مادر وطن کے دفاع اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو دندان شکن شکست دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلح افواج کی پریڈ اورفلائی پاسٹ کے موقع پر پاکستان کے عوام کی طرف سے جس ملی جو ش و جذبے کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا وہ پاک افواج سے والہانہ محبت کا مظہر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پریڈ میں دوست ممالک کے شرکاءنے بھی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے دیکھنے والوں کے دل موہ لیئے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اورپاکستان خطے میں امن کا داعی ہے۔پاکستان کی بہادرافواج نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔

وقت کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کے استحکام و ترقی کو ہر شے پر مقدم رکھنے کا عزم کریںاور ان قوتوںکے حوصلے پست کریں جو محض ذاتی اور سیاسی مفادات کی خاطر قومی وقار کو داﺅ پر لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو عناصر ملک دشمن بیانیہ کے ترجمان ہیں انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان کے عوام جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور وہ ملک دشمن ایجنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔

Comments
Loading...