سردارعتیق احمد خان کی گورنرپنجاب چوہدری سرور سے ملاقات ،مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تبادلہ خیال

لاہور(نمائندہ باغی ٹی وی)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کی پنجاب کے گورنر چوہدری سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات ‘ مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ‘ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستانی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار ‘ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کرتارپور راہداری کو خوش کن اور قابل تحسین اقدام قرار دیا ‘ موجودہ حکومت کے نزدیک کشمیر ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے چوہدری غلام سرور کی یقین دہانی ‘ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کرتارپور راہداری کی طرز پر انٹرا کشمیر ٹریڈ اینڈ ٹریول کے طریقہ کار کو آسان بناتے ہوئے اس میں حائل مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔ انٹرا کشمیر ٹریڈ ریاست جموں وکشمیر کے باشندگان تک محدود کیا جائے ۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تجارت کے اور بھی بے شمار مواقع موجود ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی حالیہ تحریک سے براہ راست متاثرہ اور کاروباری افراد کو انٹرا کشمیر ٹریڈ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے ۔ انٹرا کشمیر ٹریڈ اینڈ ٹریول کے راستے میں اتنے مسائل اور پیچیدگیاں حائل ہیں کہ ہر قدم پر ایک نئی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایف بی آر سمیت مرکزی حکومت کے تمام اداروں کو چاہیے کہ وہ انٹرا کشمیر ٹریڈ اینڈ ٹریول میں شامل اور ریاست جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری حضرات کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کا موقع دیں ۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ اور برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی رپورٹ کو بھی حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ موجودہ حکومت کے نزدیک کشمیر ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ مشکل کی ہر گھڑی میں ہم جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت میں کسی قسم کی کمی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔

Comments
Loading...