دماغی امراض کے علاج کے لئے مظفرگڑھ کے دوہسپتالوں میں جدید شعبہ جات بنانے کی تیاریاں

ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کے عوام کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے نجی اداروں اور افراد سے بھی معاونت لی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں دماغی امراض کی علاج کیلئے مخیر اداروں اور افراد کے تعاون سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دماغی امراض کے علاج و معالجے کے شعبے کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ رجب طیب اردگان ہسپتال میں دماغی امراض کے علاج کا سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ قائم کیا جائے گاجو پاکستان میں اپنی نوعیت کا بہترین شعبہ ہو گاان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں مخیر ادارے کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد میں ماہر نفسیات ہدیٰ زیناتی، ماہر دماغی امراض غلام قادر اور ملک محمد اسلم ایڈووکیٹ شامل تھے، جبکہ ملاقات میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمود ٹیکسٹائل ملز ایوب شاہ، سی ای او صحت ڈاکٹر رفیق بھٹی ، ڈاکٹر مہر اقبال ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ، ڈاکٹر عرفان جاوید میڈیکل ڈائریکٹر رجب طیب اردگان ہسپتال، ڈاکٹر جاوید حسن سوشل سیکورٹی ہسپتال مظفرگڑھ موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں دماغی امراض کے علاج کیلئے سہولیات نہ ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، انہوں نے کہا کہ دماغی امراض میں مبتلا افراد کو مناسب ڈاکٹر کے پاس لے جانے کی بجائے پیر فقیروں اور جن نکالنے والوں کے پاس کے جا کر مریضوں کی صحت سے کھیلا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ دماغی امراض میں مبتلا افراد کا مناسب علاج نہیں کرایا جاتا جس سے مرض پیچیدگی اختیار کرجاتا ہے ، مذکورہ شعبہ کے قیام سے ضلع مظفرگڑھ کے علاوہ ارد گرد کے علاقوں کے دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید سہولیات میسر آ سکیں گی۔

Comments
Loading...