تعلیمی اداروں میں نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا ہونا بھی بہت ضروری ہے. ملک عمر فاروق

فیصل آباد: معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ڈجکوٹ میں سپورٹس ویک کی مختلف تقریبات میں شرکت کی اور عمدہ کارکردگی دکھانے والے طالب علموں اور اساتذہ میں انعامات وتعریفی اسناد تقسیم کیں۔ ملک عمر فاروق نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ڈجکوٹ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا لگایا۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول چک نمبر 527 میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا ہونا بھی بہت ضروری ہے جس سے بچوں کی ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صلاحیتوں میں بھی نکھار پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت کے بعد کھیل صحت مند معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کی ضامن ہوتی ہیں لہذا نصابی سرگرمیوں کو مزید فروغ دے کر معاشرے سے منفی رویوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے طالب علم میں صحت مند مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے طلباءمیں میل جول،اخلاق اور اعتماد سازی کو بھی تقویت ملتی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے سے طلبہ میں تحمل مزاجی اور نظم و ضبط جیسے اوصاف پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ عصری تقاضوں کے مطابق طلباءکی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ ملک عمر فاروق نے طالب علموں سے کہا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں اور مستقبل کا تعین کرکے محنت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ طالب علم کو اگر ان کے ذہنی رجحان اور جذبے کے مطابق تعلیم دی جائے تو بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے طالب علموں کو بھی نصیحت کی کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ آئندہ عملی زندگی میں ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں طالبات سے اپنی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا آج کے ترقی یافتہ دور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں اور موجودہ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توجہ حصول علم پر مرکوز کریں تاکہ آئندہ زندگی میں ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مساوی حصہ ڈال سکیں۔

Comments
Loading...