بھارتی انتخابی ڈرامے میں حصہ لینا اور ووٹ‌ڈالنا غداری ہے .سید علی گیلانی

بابائے حریت کا شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت
پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت.سید علی گیلانی
سرینگر(باغی مانیٹرنگ ڈیسک)حریت کانفرنس کے (گ)کے چیئرمین بابائے حریت سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں وکشمیر میں انسانی جانوں کا ضیاع ہورہاہے ۔ جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں اورجمہوری طریقے سے حل کرنے کے بجائے اسے بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کے حقِ آزادی کو جبری طور پر چھین لیا ہے جس کے لیے یہاں کے نوجوانوں عظیم اور بے مثال قربیان پیش کررہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے ہم نے ایک طویل جدوجہد کی ہے اور اس میں ہم نے آج تک 6لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔ کوئی گھر یا خاندان نہیں جس کو زخم نہ لگے ہوں اور جس نے قربانیوں میں اپنا حصہ پیش نہ کیا ہو۔انہوں نے واضح کیاکہ انتخابی ڈراموں میں حصہ لینا اور ووٹ ڈالنا نہ صرف ان قربانیوں کے ساتھ غداری اور سودابازی ہے بلکہ اس طرح سے ہم بھارت کے فوجی قبضے کو مضبوط بنانے کے مجرم بن جاتے ہیں۔ ووٹ ڈال کر ہم اپنے ہاتھوں آنے والے نسل کی گردنوں میں طوقِ غلامی پہناتے ہیں اور ان کے مستقبل کو تاریک بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرکے بھارت کو واضح پیغام دینا ہوگا کہ ہمیں کسی طرح کے انتخابی ڈرامے منظور نہیں بلکہ ہم صرف حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں اور یہ مطالبہ پوراہونے تک ہم اپنی جدوجہدہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔سید علی گیلانی نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ تحریک آزادی کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور ان کے جذبہ¿ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبانہیں سکتی۔

Comments
Loading...