Baaghi TV - Latest News and Updates

ابا جی اب بوڑھے هو گئے ہیں

پچھلے دو روز سے ابا جی لاہور آئے ہوئے تھے. ویسے ہی معمول کے مطابق ڈاکٹر کو دکھانے اور مجھے ملنے. اس بار ان کا انداز ذرا مختلف تھا. لہجہ ہمیشہ کی نسبت نرم تھا. زیادہ تر وہ بات میری شادی کی کرتے تھے. یا پھر میرے لیے گھر بنانے کی اور میں ہمیشہ کی طرح ٹال مٹول کرتا اور ان کی بات کا جواب دیتا تو وہ میری بات سنتے تھے اور چپ کر جاتے تھے . ایسا پہلی بار ہوا  کہ بات بھی سنیں اور خاموش رہیں  ورنہ انھوں نے کبھی پوری بات سنی کب تھی؟ اس دوران کئی مرتبہ ڈانٹ دیتے تھے. غصہ کر جاتے تھے اور آپے سے باہر ہو جاتے تھے اور میں رونا شروع ہو جاتا مگر اس بار وہ چپ رہے مجھے ڈانٹا نہیں تو اس بات پہ میں گھبرا گیا اور  آنکھیں بھر آئیں اور احساس ہوا کہ ابا جی اب بوڑھے ہو گئے ہیں.
ابا جی بچپن سے ہی سخت مزاج ہیں اور میں ان کی سختی کا عادی ہوں اور میں کبھی اپنی حرکتوں سے باز آنے والا تھا ہی نہیں جو غصہ اور ڈانٹ کم ہونے کی کوئی امید ہوتی کبھی.
اور اماں نے ایک دن ابا جی سے پوچھ لیا کہ ہٹلر کون تھا؟ ابا جی نے پوچھا کیوں تم کیوں پوچھ رہی ہو؟ تو اماں نے بتایا کہ چاکر آپ کو ہٹلر بلاتا ہے اور جب اماں نے مجھے بتایا کہ ابا جی کو بتا آئی ہوں اور وہ ہنسے ہیں تو مجھے حیرت ہوئی کہ ابا جی میری بات پہ ہنستے بھی ہیں؟ بہر حال میں سیلف ڈیفنس کی وجہ سے دو دن ابا جی سے چھپا رہا.
ابا جی کو ایک وہم یہ بھی ہے کہ شاید میں اب لاہور کا ہو کے رہ جاءوں گا مجھے کہتے میرے باپ نے زندگی بہاولپور میں گزاری تھی میں نے اسی گھر میں زندگی گزاری اور تو کہاں گزارے گا. تو میں نے کہا آپ کے ساتھ اپنے شہر بہاولپور میں گزاروں گا بس لاہور تو کچھ عرصہ ہی ہے بعد میں ضرورت ہوئی تو آتا جاتا رہوں گا.
ابا جی اب ٹھیک چل نہیں سکتے. زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکتے مجھے زیادہ ڈانٹ نہیں سکتے انھیں دیکھتا رہتا ہوں اور سوچتا رہتا ہوں کہ ابا جی بوڑھے ہو گئےہیں.
کچھ دن پہلے مجھے لگنے لگا تھا کہ میں بڑا ہو گیا ہوں مگر اب جب دیکھا کہ ابا جی بوڑھے ہو گئے ہیں تو پتا چلا مجھے کہ کتنا چھوٹا ہوں میں ابھی تو بہت دیر ہے مجھے ماں باپ کی تو خدمت کر ہی نہیں سکا بچپن سے اب تک پردیس میں ہوں کبھی اس شہر کبھی اس شہر اور اس دوران پتا ہی نہیں چلا کہ ابا جی کب بوڑھے ہو گئے؟
اللہ میرے ابا جی کو با صحت لمبی عمر دے اور میرے سر پہ ان کا سایہ سلامت رکھے آمین.
چاکراعظم خان

Comments
Loading...